• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس: سی ڈی اے کا لیز منسوخی آرڈر قانونی قرار

فوٹو: آئی این پی
فوٹو: آئی این پی 

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، عدالت نے کمپنی کی لیز منسوخی کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

عدالت نے سی ڈی اے کے 8 مارچ 2023 کو جاری لیز منسوخی کے آرڈر کو قانونی قرار دے دیا، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ محمد سرفراز ڈوگر نے تحریری فیصلہ جاری کردیا، کمپنی کی جانب سے دائر کردہ ایگزیکیوشن پٹیشن بھی عدالت نے خارج کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تیسرے فریق (انویسٹرز) کی درخواستیں نمٹاتے ہوئے کہا کہ انویسٹرز اپنے حقوق کیلئے متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار نے سپریم کورٹ کے مقرر کردہ مالیاتی شرائط کی پاسداری نہیں کی، درخواست گزار کمپنی 2022 کی قسط کے 2.916 ارب روپے جمع کروانے میں ناکام رہی، سی ڈی اے کی جانب سے لیز کی منسوخی سپریم کورٹ کے دیے گئے حق کے عین مطابق ہے، پٹیشنر نے سپریم کورٹ کے دیے گئے لائف لائن موقع سے فائدہ نہیں اٹھایا۔

عدالت نے پٹیشنر کی جانب سے 30 روزہ نوٹس کی تکنیکی غلطی کے اعتراض کو بھی مسترد کردیا، سپریم کورٹ نے 9 جنوری 2019 کو لیز بحال کرتے ہوئے 8 سال میں 17.5 ارب روپے کی ادائیگی کا حکم دیا تھا، کمپنی نے 2021 کی قسط جمع کروائی لیکن 2022 کی قسط کی ادائیگی میں ڈیفالٹ کیا۔

 سی ڈی اے نے یاد دہانیوں کے بعد 7 فروری 2023 کو نوٹس اور پھر 8 مارچ کو لیز منسوخی کا حکم جاری کیا تھا، پٹیشنر کی جانب سے 50 کروڑ روپے کا چیک عدالت نے ناکافی قرار دے دیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کی جانب سے سی ڈی اے کے لیز منسوخی آرڈر کو تکنیکی نکتے پر چیلنج کیا گیا، یہ تکنیکی نکتہ 30 دن کے نوٹس کی مدت کے حساب سے متعلق ہے، درخواست گزار کے وکیل کے مطابق لیز منسوخی کا نوٹس7 فروری جبکہ لیز منسوخی آرڈر 8 مارچ 2023 کو جاری ہوا، درخواست گزار کے مطابق فروری28 دن کا ہونے کی وجہ سے30 دن کے نوٹس پیریڈ کی مدت مکمل نہیں ہوئی، عدالت اس مؤقف کو قانونی طور پر غلط اور منصفانہ اصولوں کے لحاظ سے بھی کمزور قرار دیتی ہے، خصوصاً اس تناظر میں کہ درخواست گزار کی جانب سے مسلسل اور تسلیم شدہ خلاف ورزی موجود ہے۔

قومی خبریں سے مزید