کراچی( اسٹاف رپورٹر )معروف اداکار راشد محمود نے کہا ہے کہ فلم انڈسڑی کا مستقبل اب اطمینان بخش نظر آتا ہے۔ جو عارضی تعطل آیا تھا۔ اب وہ بڑی حد تک ختم ہو گیا ہے ، فلمی صنعت کی بحالی کے لیے ہماری جدوجہد اور قربانیاں رنگ لائیں، فلمی صنعت میں ترقی کا سفربحال ہو گیا ہے ۔ بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ کام ہوا تو کامیابی بھی ملی ۔ فلم انڈسڑی میں کام کی تیزی خوش آئند ہے ۔ نئے لوگ اچھے موضوعات کا انتخاب کر کے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ کام کر رہے ہیں ، یہ بات انہوں نے یہاں مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کے دوران خصوصی گفتگو میں کہی ۔ راشد محمود نے بتایا اس وقت وہ بھی کئی فلموں میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ، نوجوان ڈائریکڑز بہت محنت اورلگن سے شوٹ کررہے ہیں ۔ فلم سازوں میں یہ تبدیلی بہتری کی علامت ہے ۔کیونکہ نئی فلموں اور ڈائریکٹرز دونوں کو عوامی سطح پر سراہا جارہا ہے ۔ اس طر ح یہ بات پورے اعتماد سے کہی جاسکتی ہے کہ فلم انڈسڑی کا اچھا وقت شروع ہو گیا ہے، کام اور مزید بہتری کی خواہش رکھنے والوں کو آگے بڑ ھ کر اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔