سابق بھارتی کرکٹر اتل واسن نے بھارتی ٹیم کے کوچ گوتم گمبھیر پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا رویہ سخت اور جارحانہ ہے جبکہ ٹیم کے چند کھلاڑی ان کے اندازِ قیادت سے خوش نہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتل واسن نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ گوتم گمبھیر شروع سے ہی سخت مزاج اور اپنی بات منوانے والے انسان رہے ہیں، وہ اختلاف کرنے والوں کو پسند نہیں کرتے اور مخالفین کو نشانہ بناتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی ٹیم کے چند کھلاڑی کوچ کے رویے سے ناخوش ہیں تاہم اُنہوں نے کسی کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کیا۔
اتل واسن نے ویرات کوہلی اور گوتم گمبھیر کے درمیان ماضی کے تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی جارحانہ طبیعت اکثر ٹکراؤ کا سبب بنتی رہی ہے۔
سابق کرکٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر ٹیم مسلسل کامیاب رہے تو کوچ کے سخت فیصلوں پر سوال نہیں اٹھتے لیکن شکست کی صورت میں تنقید بڑھ جاتی ہے۔