صحت انسانی زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے اور ایک صحت مند معاشرہ کسی بھی ترقّی یافتہ قوم کی بنیادی شناخت ہوتا ہے۔ موجودہ دَورمیں جہاں جدید طبّی سہولتوں اور ٹیکنالوجی کے فروغ سےعلاج کے میدان میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، وہیں بیماریوں کی نت نئی اقسام اور پیچیدگیاں بھی سامنے آئی ہیں۔ اِس تناظر میں’’احتیاط، علاج سے بہتر ہے‘‘ کا اصول محض ایک سادہ جملہ نہیں،ایک جامع حکمتِ عملی ہے، جو صحت مند زندگی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
یہ اصول سِکھاتا ہے کہ بیماری کے لاحق ہونے کےبعدعلاج معالجے کی بجائے پہلے سے ایسے اقدامات اختیار کیے جائیں، جو بیماری پیدا ہی نہ ہونے دیں۔ ان میں ذاتی صفائی، متوازن غذا، جسمانی سرگرمیاں، ذہنی سکون، بروقت ویکسی نیشن اور صحت بخش ماحول وغیرہ شامل ہیں۔
اگر افراد اور معاشرہ ایسی سوچ اپنا لیں، تو نہ صرف بیماریوں کی شرح میں نمایاں کمی آ سکتی ہے، بلکہ نظامِ صحت پر پڑنے والا دباؤ بھی کم کیا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بَھر میں صحتِ عامّہ کی پالیسیزمیں اب علاج کی بجائے حفاظتی اقدامات، احتیاطی تدابیر کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
بچاؤ کی اہمیت اور صحتِ عامّہ پر اثرات
بچاؤ، صحتِ عامّہ کے نظام کی بنیاد ہے، کیوں کہ یہ بیماریوں کو ابتدائی سطح ہی پر روکنے میں مدد دیتا ہے۔ جب احتیاطی تدابیر اپنائی جاتی ہیں، تو اسپتالوں اورطبّی مراکز پر مریضوں کا بوجھ کم ہوجاتا ہے، جس سے صحت کے وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہوتا ہے۔ اقتصادی لحاظ سے بھی تحفّظ انتہائی فائدہ مند ہے۔
علاج کےاخراجات اکثر زیادہ ہوتے ہیں، خاص طور پر دائمی اور پیچیدہ بیماریوں کے اخراجات برداشت کرنا تو عام افراد کے لیے ناممکن ہی ہوجاتا ہے، جب کہ احتیاطی اقدامات کم خرچ اور زیادہ مؤثر ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر ویکسی نیشن پروگرامز کے ذریعے لاکھوں افراد کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے، جو نہ صرف جانیں بچاتے ہیں، بلکہ قومی معیشت پر پڑنے والا بوجھ بھی کم کرتے ہیں۔
مزید برآں، ایک صحت مند معاشرہ ہی سماجی استحکام کا ضامن ہوتا ہے کہ صحت مند افراد اپنی ذمّے داریاں بہتر طریقے سے ادا کرتے ہیں، کام کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے اور قومی پیداوار بہتر ہوتی ہے۔ اِس طرح بچاؤ نہ صرف فرد، بلکہ پورے معاشرے کی ترقّی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
بیماریوں کے اسباب اور غیر صحت مند عوامل
بیماریوں کے پھیلاؤ کی بنیادی وجوہ میں غیر صحت مند طرزِ زندگی نمایاں ہے۔ جدید شہری زندگی میں جسمانی سرگرمیوں کی کمی ایک بڑا مسئلہ بن چُکی ہے، جس کے نتیجے میں موٹاپے، ذیابطیس اور دل کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے، جب کہ غیر متوازن غذا بھی صحت کے مسائل بڑھاتی ہے۔
چکنائی، نمک اور شکر سے بھرپور خوراک، فاسٹ فوڈز کا زیادہ استعمال اور قدرتی غذاؤں، جیسے پھل، سبزیوں کی کمی، جسم کی قوّتِ مدافعت کو کم زور کرتی ہے۔ اس کے علاوہ ذہنی دباؤ، نیند کی کمی اور نشہ آور اشیاء کا استعمال بھی صحت پر منفی اثرات مرتّب کرتے ہیں۔
ماحولیاتی آلودگی، خاص طور پر فضائی اور آبی آلودگی، سانس اور معدے کی بیماریاں بڑھاتی ہے۔ اِسی طرح صفائی کی کمی، آلودہ پانی، ناقص نکاسیٔ آب اور ویکسی نیشن کے ضمن میں کوتاہی بھی بیماریوں کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہ ہیں، جو ترقّی پذیر ممالک میں خاص طور پر نمایاں ہیں۔
بنیادی احتیاطی اقدامات اور صحت مند طرزِ زندگی
صحت مند زندگی کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔ اِس ضمن میں سب سے پہلے تو ذاتی صفائی کا خیال رکھنا چاہیے، جس میں باقاعدگی سے ہاتھ دھونا، صاف لباس پہننا اور ماحول صاف رکھنا شامل ہے۔ نیز، متوازن غذا کا استعمال بھی بےحد اہم ہے۔ خوراک میں پروٹین، وٹامنز، معدنیات اور فائبر شامل ہونے چاہئیں تاکہ جسم مضبوط رہے اور بیماریوں سے لڑنے کی صلاحیت بڑھے۔ جسمانی سرگرمی کو روزمرّہ زندگی کا حصّہ بنانا چاہیے۔
روزانہ کم از کم30 منٹ کی ورزش دل کی صحت بہتر بناتی ہے، وزن کنٹرول کرتی ہے اور ذہنی سکون فراہم کرتی ہے۔ ویکسی نیشن ایک مؤثر حفاظتی اقدام ہے، جو کئی خطرناک بیماریوں سے بچاؤ فراہم کرتا ہے۔ اس کے ساتھ، صاف پانی کا استعمال، کھانے کی اشیاء محفوظ رکھنا اور بروقت طبّی معائنہ بھی ضروری ہے تاکہ بیماریوں کی ابتدائی تشخیص ممکن ہو سکے۔ علاوہ ازیں، ذہنی صحت بھی نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ مثبت سوچ، مناسب آرام اور ذہنی سکون بھی صحت مند زندگی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
صحتِ عامّہ کے اداروں کا کردار اور نظام کی مضبوطی
صحتِ عامّہ کے ادارے بیماریوں کی روک تھام اور صحت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان اداروں کی ذمّےداری صرف علاج فراہم کرنا نہیں، عوام میں آگاہی پیدا کرنا اور احتیاطی تدابیر کا فروغ بھی ہے۔ آگاہی مہمّات کے ذریعے لوگوں کو صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق تعلیم دی جاتی ہے۔
اسکولز، کمیونٹی سینٹرز اور میڈیا کے ذریعے صحت سے متعلق معلومات عام کی جاتی ہیں تاکہ لوگ خود اپنی صحت کا بہتر خیال رکھ سکیں۔ بیماریوں کی نگرانی کا نظام (Surveillance System) وباؤں کی بروقت شناخت اور کنٹرول میں مدد دیتا ہے۔
ویکسی نیشن پروگرامز، اسکریننگ سروسز اور حفاظتی اقدامات بیماریوں کا پھیلاؤ محدود کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے مؤثر پالیسی سازی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور نظامِ صحت میں سرمایہ کاری بھی نہایت ضروری ہے۔ بنیادی صحت مراکز کی بہتری اور تربیت یافتہ عملے کی دست یابی نظامِ صحت کو مضبوط بناتی ہے۔
معاشرتی اور انفرادی ذمّے داری
ایک صحت مند معاشرے کا قیام صرف حکومتی اقدامات سے ممکن نہیں، بلکہ اِس ضمن میں ہر فرد پرمختلف نوعیت کی ذمّے داریاں عاید ہوتی ہیں۔ ہر شخص کو چاہیے کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھے اور احتیاطی تدابیر کو اپنی روزمرّہ زندگی کا حصّہ بنائے۔ خاندان، بچّوں کی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ اگر بچّوں کو ابتدا ہی سے صفائی، صحت بخش غذا اور ورزش کی عادت ڈالی جائے، تو وہ مستقبل میں صحت مند شہری بن سکتے ہیں۔
پھر تعلیمی ادارے بھی صحت کی تعلیم میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعےصحت سے متعلق معلومات وسیع پیمانے پر پھیلائی جا سکتی ہیں۔ نیز، اجتماعی سطح پر بھی ذمّےداریوں کا احساس اور ادراک ضروری ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ نہ صرف اپنی، بلکہ دوسروں کی صحت کا بھی خیال رکھیں، خاص طور پر متعدی بیماریوں کے دَوران احتیاطی تدابیر اختیار کرکے دوسروں کو اِن بیماریوں سے محفوظ رکھیں۔
پاکستان کے تناظر میں صحت کی اہمیت اور احتیاطی اقدامات
پاکستان میں صحتِ عامّہ کے مسائل پیچیدہ اور کثیر الجہتی ہیں۔ بڑھتی آبادی، شہری ہجوم، ماحولیاتی آلودگی اور محدود وسائل نظامِ صحت پر دباؤ بڑھاتے ہیں۔ ایسے حالات میں بچاؤ کی حکمتِ عملی اختیارکرنا نہایت ضروری ہے۔ متعدّی بیماریوں، جیسے ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ کھڑے پانی کا سدِباب کیا جائے، مچھر دانی استعمال کی جائے اور ماحول صاف ستھرا رکھا جائے۔ شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں نکاسیٔ آب کا نظام بہتر بنانا بھی انتہائی اہم ہے۔
آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں جیسے ہیضے، ڈائریا اور ٹائی فائیڈ سے بچاؤ کے لیے صاف پانی کا استعمال، پانی کو ابال کر پینا اور ہاتھوں کی صفائی یقینی بنانا ضروری ہے۔ ہیپاٹائٹس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے محفوظ انجیکشنز، خون کی جانچ اور ذاتی اشیاء کے استعمال میں احتیاط ضروری ہے۔ اِسی طرح ٹی بی اور نمونیا سے بچاؤ کے لیے مناسب وینٹیلیشن، کھانسنے، چھینکنے کے آداب اور بروقت علاج نہایت اہم ہیں۔
ویکسین سے قابلِ بچاؤ بیماریوں جیسے پولیو اور خسرے کے خاتمے کے لیے حفاظتی ٹیکوں کی مکمل کوریج ضروری ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچّوں کی ویکسی نیشن میں معمولی سی بھی غفلت نہ برتیں۔ غیر متعدّی بیماریوں جیسے ذیابطیس اور دل کے امراض سے بچاؤ کے لیے صحت مند طرزِ زندگی اپنانا ضروری ہے، جس میں متوازن غذا، باقاعدہ ورزش، تمباکو نوشی سے پرہیز اور ذہنی دباؤ کم کرنا شامل ہیں۔
اسی طرح ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کےلیےدرخت لگانا، صاف ایندھن کا استعمال اور صنعتی آلودگی پر کنٹرول ضروری ہے۔ صاف پانی کی فراہمی اور نکاسیٔ آب کے نظام میں بہتری سے بھی بیماریوں کا پھیلاؤ کم کیا جا سکتا ہے۔ اگر یہ تمام اقدامات مربوط انداز میں اپنائے جائیں، تو پاکستان میں صحت کے مسائل پر قابو پاتے ہوئے ایک صحت مند معاشرہ فروغ پا سکتا ہے۔
بچاؤ ہی کام یابی کا راستہ
یہ حقیقت واضح ہے کہ علاج کے مقابلے میں بچاؤ نہ صرف آسان، بلکہ زیادہ مؤثر اور کم خرچ طریقہ ہے اور ایک صحت مند معاشرے کا قیام حکومت، اداروں اور افراد کی مشترکہ کوششوں ہی سے ممکن ہے۔ اگر ہم آج ہی سے اپنی روزمرّہ زندگی میں مثبت تبدیلیاں لائیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، تو نہ صرف اپنی، بلکہ آنے والی نسلوں کی صحت بھی محفوظ بنائی جا سکتی ہے۔ اِسی لیے ہمیں اِس اصول کو اپنی زندگی کا حصّہ بنانا ہوگا۔ ’’احتیاطی تدابیر سے صحت محفوظ بنائیں۔‘‘
(مضمون نگار، پبلک ہیلتھ اسپیشلسٹ اور چیف میڈیکل آفیسر، محکمۂ صحت، سندھ ہیں)