بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے دو اسٹنٹس دورانِ شوٹنگ غلط ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے وہ موت کے منہ میں جانے سے بال بال بچے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے بتایا کہ فلم ’جگوراتی‘ کی شوٹنگ کے دوران انہیں 80 فٹ بلند پہاڑ سے چھلانگ لگانی تھی۔ حفاظتی انتظامات کے باوجود وہ پھسل گئے اور پہاڑ کی چٹان سے رگڑ کھا گئے۔ وہ نیچے گر پڑے اور صورتحال انتہائی خوفناک ہو گئی۔
اداکار نے ایک اور واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’پتھر کے پھول‘ میں انہیں تیز رفتاری سے اسکیٹنگ کر کے باکسز پر چھلانگ لگانی تھی۔ پہلی کوشش ناکام رہی، دوسری بار وہ حد سے زیادہ رفتار پکڑ گئے اور باکسز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سڑک کے کنارے گڑھے میں جا گرے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس حادثے کے بعد وہ تقریباً ڈیڑھ منٹ تک سانس نہیں لے سکے تھے۔
سلمان خان نے کہا کہ یہ تجربات انہیں یاد دلاتے ہیں کہ بڑے پردے پر دکھائی دینے والے ایکشن مناظر حقیقت میں کتنے خطرناک اور جان لیوا ہو سکتے ہیں۔