سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہراہ بھٹو کراچی کےلیے گیم چینجر ہے، اسے اقوام متحدہ نے ایوارڈ بھی دیا ہے۔
شاہراہ بھٹو ٹریک کے صوبائی وزیر ناصر شاہ کے ہمراہ دورے کے دوران شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بہت سے کام ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر کراچی کا نمبر آگے ہے، شاہراہ بھٹو کے ساتھ کراچی پورٹ سے قیوم آباد تک برج کی بھی گراؤنڈ بریکنگ ہوگی۔
سینئر وزیر سندھ نے مزید کہا کہ شاہراہ بھٹو کراچی کے لیے گیم چینجر ہے ،یہ اہم شاہراہ بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بن رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی سیاست دفن ہوچکی ،لوگ متحدہ کو اچھا نہیں سمجھتے،اُس نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کی ،آج بھی اُن کے سیاہ دور کو یاد کیا جاتا ہے،یہ جماعت تو بلدیاتی الیکشن کا بائیکاٹ کرکے بھاگ گئی تھی۔
شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی نئی ترمیم کےلیے وفاقی حکومت نے سندھ حکومت سے رابطہ نہیں کیا، ترمیم کا مسودہ جب آئےگا اس میں عوام کی بھلائی کا فیصلہ ہوگا تو ضرور ساتھ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افواہوں پر کان نہ دھریں ، ترمیموں کے مسودے ہمیشہ آتے ہیں، پارٹیاں اگر آپس میں بات کرتی ہیں تو یہ ان کا آئینی حق ہے۔
سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک سینئر سیاستدان ہے، مولانا صاحب کا احترام ہے ، انتخابات میں پارٹیاں مل کر پی پی کے خلاف اتحادی بناتی ہیں ، پیپلزپارٹی کے خلاف پارٹیوں کو شکست ہوگی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ناصر شاہ نے کہا کہ کراچی کی جتنی بھی شاہراہیں ہیں انہیں بہتر کیا جا رہا ہے، سندھ میں دیگر پروجیکٹس پر بھی کام ہورہاہے ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق دن رات کام ہو رہا ہے۔