بنگلادیش نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان کو ہرا دیا، میزبان ٹیم نے 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز 2-0 سے جیت لی۔
سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں 437 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 358 رنز بنا سکی اور یوں دوسرے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم کو 78 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 94، کپتان شان مسعود اور سلمان علی آغا 71، 71 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ بابر اعظم نے 47 اور ساجد خان نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔
بنگلادیش کی طرف سے تیج الاسلام نے 6، ناہید رانا نے 2 جبکہ شرف الاسلام اور مہدی حسن میراز نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
پہلی اننگز میں بنگلا دیش نے 278 اور دوسری اننگز میں 390 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 232 اور دوسری اننگز میں 358 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
بنگلادش کے لٹن داس پلیئر آف دی میچ جبکہ مشفق الرحیم پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔
ہم نے بہت غلطیاں کیں، ٹیسٹ میچ میں غلطی کی سزا ملتی ہے: شان مسعود
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ہم نے بہت غلطیاں کیں، ٹیسٹ میچ میں غلطی کی سزا ملتی ہے۔
شان مسعود کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچ میں آپ کو پورے 5 دن تک تسلسل سے کھیلنا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 104 رنز کی شکست دی تھی۔