اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ٹک ٹاک ثناء یوسف قتل کیس کے ملزم عمر حیات کو اسلحے کے مقدمے میں بھی سزا سنا دی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ کی جانب سے سزا سنائی گئی۔
عمر حیات کو پاکستان آرمز آرڈیننس کی سیکشن 13 کے تحت سزا سنائی گئی ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمر حیات کو اسلحے کے کیس میں 2 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانہ بھی سزا سنائی گئی ہے۔
سیشن جج افضل مجوکہ نے فیصلے میں کہا ہے کہ جرمانہ ادا نہ کرنے پر مزید ایک ماہ قید کاٹنا ہو گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس میں ملزم عمر حیات کو سزائے موت سنائی تھی۔
عدالت نے مجرم عمر حیات کو ڈکیتی کی دفعات اور گھر میں گھسنے کی دفعات سمیت 3 دفعات کے تحت مجموعی طور پر 20 سال قید اور 24 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔