• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے امریکا ایران امن کوششوں سے دستبرداری کا تاثر مسترد کر دیا

ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی— فائل فوٹو
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی— فائل فوٹو

پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان امن کوششوں سے دستبردار ہونے کے تاثر کو مسترد کر دیا۔

اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ ثالثی کی کوششیں جاری ہیں، کشیدگی وقتی طور پر غالب ہے، امید ہے بالآخر امن اور مذاکرات کی سوچ کامیاب ہو گی۔

طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ امن کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا وقتی تعطل کا شکار ہو سکتا ہے، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت آج بھی مؤثر اور قابلِ عمل فریم ورک ہے، فریقین جب کشیدگی کا راستہ چھوڑیں گے تو امن کی واپسی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے ذریعے ممکن ہو گی۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت نہ ختم ہوئی ہے، نہ غیر مؤثر، اس کی اہمیت برقرار ہے، 27 فروری کا پاکستانی مؤقف آج بھی برقرار ہے، پاکستان امن، مذاکرات اور سفارت کاری کا حامی ہے۔

انہوں نے ہر ملک پر مسلح حملوں کی مذمت کی اور ریاستوں کی خود مختاری و علاقائی سالمیت پر زور دیا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان آبنائے ہرمز سے تجارت اور پیٹرولیم مصنوعات کی باآسانی فراہمی پر یقین رکھتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان دوبارہ کشیدگی پر تشویش ہے، پاکستان موجودہ علاقائی صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

قومی خبریں سے مزید