• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 کندھ کوٹ کو گھوٹکی سے ملانے کیلئے دریائے سندھ پر پل تعمیر کیا جائے گا، مراد علی شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کندھ کوٹ کو گھوٹکی سے ملانے کے لئے دریائے سندھ پر پل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ کے تحت ہوگا اور اس پر کام کا آغاز نومبر 2016سے ہوگا۔ انہوں نے یہ ہدایات پیرکو نیو سندھ سیکرٹریٹ میں روڈ سیکٹر سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کو نیشنل ہائی وے اور سپرہائی وے کراچی کے مابین لنک روڈ کی مرمت کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ہزار خان بجارانی ، صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز امداد پتافی، چیف سیکرٹری سندھ محمدصدیق میمن ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) محمد وسیم ، چیف انجینئر ہائی وے پریم تلریجا اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ کندھ کوٹ سے اور پنجاب سے بھار ی مال بردار گاڑیوں کے باعث ٹریفک کا شدید دبائو ہے لہٰذا کندھ کوٹ سے گھوٹکی تک دریائے سندھ پر پل کی تعمیر کی اشد ضرورت ہے۔ اس پر چیف انجینئر ہائی ویز پریم تلریجا نے کہا کہ مجوزہ پل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ کے تحت ڈیزائن کیا گیا ہے جس پر لاگت کا تخمینہ 7ارب روپے ہے اور اس منصوبہ پر کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی پی پی موڈ کے تحت ضروری کارروائی مکمل کی جائے مگر اس منصوبہ پر مقررہ مدت کے اندر کام شروع ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں نومبر کے آخر تک اسکا سنگ بنیاد رکھنا چاہتا ہوں۔ مجوزہ پل دو کلو میٹر طویل ہوگا جو کہ کندھ کوٹ کو گھوٹکی سے ملائے گا اس میں 10کلو میٹر اپروچنگ سڑک گھوٹکی سے اور 13کلو میٹر سڑک کندھ کوٹ سے ہوگی۔ صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ہزار خان بجارانی نے تجویز پیش کی کہ دریائے سندھ پر پل کی تعمیر سے کندھ کوٹ پر ٹریفک کا دبائو بڑھے گا لہٰذا کندھ کوٹ تھل روڈ پر ایک بائی پاس تعمیر کیا جائے جو کہ اسے انڈس ہائی وے سے ملائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ پی اینڈ ڈی کو ہدایت کی کہ وہ بائی پاس روڈکی تجویز کو منصوبہ میں شامل کرے اور اس پر کام کا آغاز کرے۔ چیف انجینئر نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ نوابشاہ ۔ رانی پور روڈ جوکہ 134.5کلو میٹر سے زائد پر محیط ہے جو نامکمل پڑا ہے۔ اس سڑ ک کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے جو کہ نوابشاہ تا پڈعیدن 67.5کلو میٹر اور پڈعیدن تا رانی پور 67کلو میٹر ہو۔ انہوں نے کہا کہ بقایا کام کو مکمل کرنے کے لئے 179ملین روپے کی علیحدہ پی سی ون تیار کی گئی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کو ہدایت کی کہ وہ جس قدر جلد مکمل ہو پی سی ون منظور کی جائے اس کے بعد میں اس کے لئے فنڈز فراہم کرونگا مگر میں اس سڑک کو موجودہ مالی سال کے آخر تک مکمل دیکھنا چاہتا ہوں۔ چیف انجینئر نے کہا کہ منصوبہ کا دوسرا حصہ پڈعیدن تا رانی پور جلد مکمل ہوسکتا ہے اگر ضروری فنڈز جاری کردیئے جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو ہدایت کی کہ وہ اسکیموں پر اخراجات کا تخمینہ لگائیں اور انہیں رپورٹ پیش کریں تاکہ فنڈز کا بندوبست کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کو نیشنل ہائی وے اور سپرہائی وے کراچی کے مابین لنک روڈ کی مرمت کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پل پر بڑے پیمانے پر مرمتی کام کی ضرورت ہے اور اس پر جنگی بنیادوں پر کام شروع ہونا چاہیے کیونکہ اس پر اسٹیل ملز اور پورٹ قاسم انڈسٹریل ایریاز کی بھاری مال بردار گاڑیوں کی آمدروفت ہے۔
تازہ ترین