پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق نے انکشاف کیا ہے کہ تیز ترین ٹیسٹ سنچری بنانے کے بعد اُنہیں لیجنڈری کرکٹر سعید انور کی جانب سے ایک مزاحیہ فون کال موصول ہوئی تھی۔
مصباح الحق نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران گزرے یادگار لمحات کو دہرایا۔
اُنہوں نے اپنے تیز ترین ٹیسٹ سنچری بنانے کے ریکارڈ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریکارڈ بنانے سے پہلے مجھے اسٹیو اسمتھ نے دو بار آؤٹ کیا تھا، اس لیے میرے ذہن میں یہ سوال تھا کہ ایسا کیوں ہوا؟ پھر میں نے اپنا دماغ بنا لیا کہ اب اگلی بار اس سے اپنا حساب برابر کرنا ہے۔
سابق کرکٹر نے مزید بتایا کہ اگلی بار جب اسٹیو اسمتھ کا سامنا ہوا تو آغاز تو مکمل طور پر میری منصوبہ بندی کے مطابق نہیں ہوا، کیونکہ اس نے مجھے اس میچ میں بھی آؤٹ کیا، لیکن پیٹر سڈل نےکیچ چھوڑ دیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ دوسرا موقع ملنے کے بعد میں نے رنز بنانا شروع کیے اور پھر ایک ایسا ریکارڈ بن گیا جس کا مجھے اندازہ نہیں تھا۔
مصباح الحق نے انکشاف کیا کہ یہ ریکارڈ بننے کے بعد مجھے سعید انور کی جانب سے ایک مزاحیہ کال موصول ہوئی اور اُنہوں نے مجھ سے کہا کہ مبارک ہو، تم نے ویون رچرڈ کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے، لیکن آج میرا کرکٹ سے اعتبار ہی اُٹھ گیا ہے اور اگر آج مجھے یہ دیکھنے کو ملا ہے کہ تم نے ویو رچرڈز کا ریکارڈ برابر کیا ہے تو میں نے یہ بات مان لی ہے کہ کرکٹ قسمت کا کھیل ہے۔
اُنہوں نے ہنستے ہوئے مزید کہا کہ میں نے خود بھی سعید انور کی بات سے اتفاق کیا۔