• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نادیہ خان کے ساتھ انٹرویو میں یوں لگا جیسے میں کوئی سیاستداں ہوں، طلحٰہ انجم

نوجوان گلوکار و ریپر طلحٰہ انجم نے ٹی وی میزبان نادیہ خان کے ساتھ اپنے متنازع انٹرویو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھا تھا کہ انہوں نے اب اپنے شو میں مہمانوں کے ساتھ پیش آنے کا طریقہ سیکھ لیا ہوگا۔ ساتھ میں یہ بھی کہا کہ نادیہ خان کیساتھ انٹرویو کے دوران مجھے ایسا لگا جیسے میں کوئی سیاستدان ہوں۔ 

انکا یہ ریمارکس نادیہ خان کے پروگرام کے کئی ماہ بعد سامنے آیا جس میں جارحانہ انداز میں کیے گئے سوالات کو شوبز انڈسٹری اور ناظرین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

طلحٰہ انجم کو نومبر 2025 میں کٹھمنڈو (نیپال) میں ایک کنسرٹ کے دوران ایک مداح کی جانب سے بھارتی پرچم دیا گیا، جسے انہوں نے اپنے کندھوں پر اوڑھ لیا۔ اگرچہ عوامی ردعمل منقسم تھا، بعد میں نادیہ خان کے شو میں طلحٰہ نے اس معاملے پر گفتگو کے دوران غیر مشروط معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جذباتی ماحول میں صورتحال پر قابو نہ رکھ سکے۔ 

بعدازاں مبشر ہاشمی کے پوڈکاسٹ میں اس واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے طلحٰہ انجم نے بتایا کہ انہوں نے انٹرویو اس لیے قبول کیا کیونکہ ایک مخصوص چینل مسلسل انہیں نشانہ بنا رہا تھا اور وہ اپنا مؤقف واضح کرنا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب انٹرویو شروع ہوا اور جس انداز میں بات کی گئی تو مجھے عجیب سا لگا، کیونکہ میں کسی سے اس طرح بات نہیں کرتا اور نہ ہی پسند کرتا ہوں کہ کوئی مجھ سے اس لہجے میں بات کرے، وہاں بیٹھ کر مجھے لگا جیسے میں کوئی سیاستدان ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریکارڈنگ کے دوران میں نے میزبان کو ٹوکا بھی تھا۔ میں سمجھا تھا کہ شاید انہوں نے سیکھ لیا ہوگا کہ اس طرح نہیں کیا جاتا۔

پوڈکاسٹ کے دوران مبشر ہاشمی نے بھی ان کے ساتھ کیے گئے سلوک کو مکمل طور پر ناقابل قبول  قرار دیا اور کہا کہ کئی سینئر فنکار جو بھارت میں پرفارم کر چکے ہیں، انہوں نے بھی طلحٰہ کی حمایت کی۔

مبشر ہاشمی اور طلحٰہ نے سرحد پار تعلقات کے حوالے سے دوہرے معیار پر بھی گفتگو کی۔ طلحٰہ کا کہنا تھا کہ جب دلجیت دوسانج کنسرٹ میں ہانیہ عامر کو اسٹیج پر بلاتے ہیں تو ہم اسے سراہتے ہیں۔

واضح رہے کہ جب یہ انٹرویو براڈ کاسٹ ہوا تھا تو متعدد پاکستانی سلیبریٹیز نے کھلے عام نادیہ خان کے انٹرویو لینے کے انداز کی مذمت کی تھی۔ شو بز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے طلحٰہ کی حمایت میں آواز اٹھائی اور نادیہ خان کا موازنہ سنسنی خیز میڈیا شخصیات سے کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید