لگژری اسپورٹس کار ساز کمپنی فیراری نے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک کار Luce متعارف کروادی۔ اطالوی زبان میں اس لفظ کا مطلب 'روشنی' ہے۔
فیراری نے یہ بڑا قدم ایسے وقت میں اٹھایا ہے جب اس کی حریف کمپنیوں، پورشے اور لیمبورگینی، نے الیکٹرک گاڑیوں کی کم طلب کے باعث اپنے ای وی (EV) منصوبوں کو فی الحال محدود کر دیا ہے۔
چار دروازوں والی یہ کار فیراری کی تاریخ کی پہلی 5 سیٹر (پانچ نشستوں والی) گاڑی ہے۔ اسے ایپل کے سابق چیف ڈیزائنر جونی آئیو اور ان کے تخلیقی ادارے لوو فرام کے اشتراک سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
فیراری کے روایتی مسکیولر اسپورٹس اسٹائل کے برعکس، 'روشنی' کا ڈیزائن زیادہ وسیع اور شیشے سے آراستہ ہے۔ اس کے انٹیریئر میں چمڑے، شیشے اور اینوڈائزڈ ایلومینیم کے ساتھ روایتی فزیکل کنٹرولز (بٹنز) دیے گئے ہیں، جو دیگر کمپنیوں کے آل ڈیجیٹل ٹچ سسٹم سے بالکل مختلف ہیں۔
ٹیکنالوجی اور رفتار کے شوقین افراد کے لیے یہ گاڑی کسی شاہکار سے کم نہیں۔ 2.2 ٹن وزنی اس کار میں چار الیکٹرک موٹرز نصب ہیں (ہر پہیے کے لیے ایک موٹر) جو مجموعی طور پر 1000 سے زائد ہارس پاور پیدا کرتی ہیں۔
اس کی ٹاپ اسپیڈ 310 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہے اور یہ ایک چارج پر 500 کلومیٹر سے زائد کی رینج فراہم کرتی ہے۔
ای وی ہونے کے باوجود، فیراری کے روایتی احساس کو برقرار رکھنے کے لیے اس کے انجن کی قدرتی لرزش کو ایمپلیفائی کر کے کیبن میں پہنچایا گیا ہے۔
600 لیٹر بوٹ اسپیس (ڈگی) اور جدید ترین ٹیک فیچرز سے لیس اس لگژری کار کی قیمت 5 لاکھ 50 ہزار یورو (تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار ڈالرز) رکھی گئی ہے۔
کمپنی کے سی ای او بینیڈیٹو ویگنا کے مطابق یہ پانچ سال کی محنت کا نتیجہ ہے، اور اس کی ڈیلیوری 2026 کی آخری سہ ماہی میں شروع ہوگی۔