• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حماس نے غزہ میں اپنے سربراہ محمد عودہ کی اہلیہ اور دو بیٹوں سمیت شہادت کی تصدیق کردی

حماس نے غزہ میں اپنے سربراہ محمد عودہ کی شہادت کی تصدیق کردی۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل نے گزشتہ روز غز سٹی میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا، اسرائیلی حملے میں محمد عودہ، ان کی اہلیہ اور دو بیٹے شہید ہوئے۔ بدھ کے روز غزہ سٹی میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

حماس کے مطابق اسرائیلی فوج نے منگل کو غزہ سٹی کے علاقے رمل میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا، جس سے عمارت کی بالائی منزل تباہ ہوگئی۔ غزہ کے طبی حکام کے مطابق حملے میں کم از کم تین مزید افراد بھی مارے گئے جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے۔

محمد عودہ نے صرف 11 روز قبل ہی القسام بریگیڈز کی قیادت سنبھالی تھی، انہوں نے عزالدین الحداد کی جگہ سنبھالی تھی، جو اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے۔

اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ محمد عودہ 7 اکتوبر 2023 کے حملوں کے دوران حماس کے انٹیلی جنس سربراہ تھے اور حملوں کی منصوبہ بندی میں مرکزی کردار رکھتے تھے، وہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے خلاف حملوں اور انٹیلی جنس آپریشنز کی نگرانی بھی کرتے رہے۔

محمد عودہ کے اہلخانہ نے جنازے کے موقع پر کہا کہ فلسطینی جدوجہد جاری رہے گی اور اسرائیلی کارروائیاں انہیں اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے اکتوبر میں جنگ بندی کے باوجود 7 اکتوبر حملوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں جبکہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک تقریباً 900 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید