چیئرمین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ چینی کی حالیہ قیمتیں اس کی پیداواری لاگت سے بہت کم ہیں۔
لاہور سے جاری بیان کے مطابق ذکاء اشرف نے نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کو مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں اضافی چینی برآمد کے بارے میں کابینہ کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کیا ہے۔
ذکاء اشریف نے مزید کہا کہ ملکی ضروریات سے زائد چینی کو برآمد کیا جائے، شوگر انڈسٹری نے کرشنگ سیزن 26-2025 میں مقامی ضرورت سے زیادہ چینی بنائی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک ماہ کے اسٹریٹجک ذخائر رکھنے کے بعد بھی ساڑھے 7 لاکھ ٹن چینی سرپلس موجود ہوگی، اضافی چینی کی برآمد سے پاکستان تقریباً 500 ملین امریکی ڈالر کا زرمبادلہ کما سکتا ہے۔
ذکاء اشرف نے کہا کہ چینی کی حالیہ قیمتیں اس کی پیداواری لاگت سے بہت کم ہیں، حکومت سے درخواست ہے کہ کابینہ کمیٹی کا اجلاس جلد بلایا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وفد کو اجلاس میں شرکت کی اجازت دی جائے۔