• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: شادی سے انکار پر خاتون کا ڈیڑھ سالہ بیٹا قتل، ملزم زخمی حالت میں گرفتار

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع فیروز آباد میں شادی سے انکار پر خاتون کے ڈیڑھ سالہ بیٹے کو قتل کرنیوالا ملزم پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم نے بچے کو ٹافی دلانے کے بہانے اغوا کیا اور زمین پر پٹخ کر ہلاک کر دیا تھا۔

ملزم جتیندر پاٹھک عرف وراج پولیس مقابلے کے دوران ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے بچے کی والدہ رتی سے شادی کی خواہش ظاہر کی تھی تاہم خاتون نے یہ کہہ کر انکار کر دیا تھا کہ وہ پہلے سے ایک بچے کی ماں ہے۔ ملزم نے بچے کو اپنے راستے کی رکاوٹ سمجھتے ہوئے اسے مارنے کا منصوبہ بنایا۔

واقعے کے روز ملزم بچے کو ٹافی دلانے کے بہانے اپنے ساتھ لے گیا اور مبینہ طور پر اسے زمین پر بار بار پٹخ کر قتل کر دیا۔ اہلِ خانہ جب تک بچے تک پہنچے، اس کی حالت تشویشناک ہو چکی تھی اور اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

بعد ازاں پولیس کو ملزم کی موجودگی کی اطلاع ملی جس پر علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ کی، جس کے جواب میں پولیس کی فائرنگ سے وہ زخمی ہو گیا اور اسے حراست میں لے لیا گیا۔

ملزم کے قبضے سے ایک دیسی ساختہ پستول، پانچ کارتوس اور دو خول بھی برآمد ہوئے ہیں۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش مکمل کر کے جلد عدالت میں چالان پیش کیا جائے گا اور ملزم کو سخت سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید