ٹھٹھہ(نامہ نگار)پیپلز پارٹی کے کونسلروں کی قیادت میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں کا قومی شاہراہ پر دھرنا، حیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی۔ تفصیلات کے مطابق شاہ مبین محلہ، عارفانی محلہ، بخاری محلہ، شیخ پاڑہ سمیت شہر کے دیگر رہائشی علاقوں کی گذشتہ 5 دنوں سے بجلی منقطع کرنے اور شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف پیپلز پارٹی کے کونسلروں غلام مرتضیٰ خشک، شاہجہاں عارفانی و دیگر کی قیادت میں شہریوں نے ایدھی سینٹر کے قریب قومی شاہراہ پر دھرنا دیا اور حیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حیسکو کی جانب سے روزانہ کی بنیاد کئی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ واجبات کی عدم ادائیگی کا بہانہ بنا کر مخلتف علاقوں کی 5 دنوں سے بجلی منقطع کی گئی ہے جس کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔