امریکی ریاست نارتھ کیرولینا کے شہر شیلبی میں ایک خاتون کی گرفتاری کے دوران پولیس افسر کی جانب سے مبینہ تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعلقہ افسر کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
دروازے پر نصب کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس افسر خاتون کو زمین پر گراتا ہے اور پھر اس پر بیٹھ کر متعدد بار مکے مارتا دکھائی دیتا ہے، ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے کے بعد عوامی سطح پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔
شیلبی پولیس چیف نے پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ ویڈیو میں نظر آنے والے افسر کو برطرف کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی داخلی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد معاملہ مزید جائزے کے لیے ریاستی تحقیقاتی ادارے کے سپرد کر دیا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ فوجداری خلاف ورزی کا آزادانہ جائزہ لیا جا سکے۔
تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی شناخت شیری مور کے نام سے کی گئی ہے، وہ ویڈیو میں پولیس افسر سے یہ کہتے ہوئے سنائی دیتی ہیں کہ میرے خلاف کوئی وارنٹ نہیں، آپ کیا کر رہے ہیں؟
فوٹیج کے مطابق افسر نے خاتون کو زمین پر گرا دیا اور اس کے بعد انہیں کئی بار مکے مارے، ویڈیو میں خاتون درد سے چیختی سنائی دیتی ہیں جبکہ وہ بظاہر مزاحمت کرتی ہوئی نظر نہیں آتیں۔
بعد ازاں ویڈیو میں ایک دوسرا پولیس افسر موقع پر پہنچتا ہے اور پہلے افسر کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے چھوڑ دو، میں سنبھال لیتا ہوں کہتا سنائی دیتا ہے۔
ویڈیو میں خاتون بار بار اپنے والد کو فون کرنے کی درخواست کرتی ہیں اور یہ بھی کہتی سنائی دیتی ہیں کہ میں اپنی دوائیں استعمال نہیں کر سکی۔
جیل ریکارڈ کے مطابق شیری مور پر غیر قانونی داخلے، گرفتاری میں مزاحمت اور سرکاری اہلکار پر حملے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات جاری ہیں اور ذمے دار افراد کا تعین ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔