• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صاحبہ افضل نے ہونیوالی بہو کیلئے دل کی خواہش بتا دی

صاحبہ افضل---فائل فوٹو
صاحبہ افضل---فائل فوٹو

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صاحبہ افضل نے اپنی ہونے والی بہو کے حوالے سے دل کی بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے کسی مکمل انسان کی تلاش نہیں، بلکہ صرف ایک ایسی لڑکی چاہیے جو میرے بیٹے سے سچی محبت کرے اور اچھے دل کی مالک ہو۔

حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبہ افضل نے اپنے بڑے بیٹے احسن افضل خان کی شادی اور بہو کے بارے میں کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی مکمل نہیں، صرف اللّٰہ تعالیٰ کی ذات کامل ہے، میری بس یہی خواہش ہے کہ میری بہو میرے بیٹے سے محبت کرے اور نرم دل ہو، اگر وہ میرے بیٹے سے سچی محبت کرے گی تو ہماری غیر موجودگی میں بھی اس کا خیال رکھے گی اور یہی سوچ مجھے سکون دیتی ہے۔

صاحبہ نے کہا کہ اگر مستقبل میں میرا بیٹا اپنی بیوی کو والدین سے زیادہ اہمیت دے تو مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا، میں ذہنی طور پر اس بات کے لیے تیار ہوں کہ ایک وقت آئے گا جب میرے بیٹے کی زندگی میں اس کی اہلیہ سب سے اہم شخصیت ہو گی اور مجھے اس پر کوئی پریشانی نہیں۔

شو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ریمبو سخت سسر ثابت ہوں گے، تو صاحبہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ریمبو سخت نہیں بلکہ خاندان کا خیال رکھنے والے انسان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریمبو شاید اپنی بہو کو صرف صحت مند غذا کھانے، فزی ڈرنکس سے پرہیز کرنے اور گھر کو اچھی طرح سنبھالنے کے مشورے دیں گے۔

صاحبہ نے ہنستے ہوئے یہ بھی بتایا کہ احسن کے موبائل فون میں کئی لڑکیوں کے نام محفوظ ہیں، تاہم اس وقت دونوں بیٹے اپنی تعلیم اور کیریئر پر توجہ دے رہے ہیں اور شادی ان کی ترجیح نہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید