گلگت بلتستان (جی بی) میں پی ٹی آئی، پی کے میپ اور ایم ڈبلیو ایم کے درمیان مشترکہ امیدوار اور پارٹی ٹکٹوں پر اختلافات سامنے آگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے سب سے پہلے پی کے میپ کے نشان پر لڑنے کےلیے محمود اچکزئی سے رابطہ کیا۔
ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی نے اپنے پارٹی قائدین کو پشاور بھیجا، خالد خورشید سے مشاورت میں پی کے میپ کے نشان پر لڑنے سے پی ٹی آئی قائدین نے انکار کیا۔
ایم ڈبلیو ایم نے بھی پی ٹی آئی کو گلگت بلتستان میں اتحاد کی آفر کی، اپوزیشن لیڈر سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس نے 16 نشستوں پر اتحاد کرنے کا کہا، لیکن پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے ایم ڈبلیو ایم کے نشان پر انتخابات میں حصہ لینے سے انکار کیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت سے ایم ڈبلیو ایم، پی کے میپ سمیت 2 مزید جماعتوں کی قیادت کے رابطے بھی ہوئے لیکن اتفاق نہیں ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق علامہ راجا ناصر عباس نے خالد خورشید کو گلگت بلتستان میں مشترکہ جلسے کرنے کا کہا تو انہیں جواب دیا گیا کہ جلسے کےلیے پارٹی کے پاس پیسے نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتفاق نہ ہونے کی وجہ مذہبی بنیادوں پر ووٹ کو قرار دیا۔