لاہور کے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں لیول ٹو کوچنگ کورس جاری ہے جس میں لیول ٹو کوچنگ کورس میں 29 شرکاء حصہ لے رہے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹرز فخر زمان، آصف آفریدی، عثمان خان شنواری اور انٹرنیشنل کرکٹر حسین طلعت بھی کورس کا حصہ ہیں۔
اس حوالے سے فخر زمان کا کہنا ہے کہ ایک فعال کرکٹر کے طور پر کوچنگ کورس کرنا انتہائی فائدہ مند ہے، کوچنگ نوجوان کھلاڑیوں کی بہتر رہنمائی میں مدد دیتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے ساتھ کوچنگ کورس بھی سیکھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
آل راؤنڈر حسین طلعت نے کہاکہ کوچز کے نظریات اور طریقہ کار کو بہتر سمجھنے کے لیے کورس میں شرکت کی۔ بطور کھلاڑی ہم مسلسل سیکھتے ہیں، کوچنگ کورس اس عمل کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لیول ٹو کوچنگ کورس میری ذاتی اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے بہت مفید ثابت ہوگا۔ یہ تجربہ ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ مفید معلومات شیئر کرنے میں بھی مددگار ہوگا۔ تمام کھلاڑیوں کو ایسے کوچنگ پروگرامز میں حصہ لینا چاہیے۔