غزہ میں رات بھر ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 9 فلسطینی شہید ہو گئے جن میں 4 بچے بھی شامل ہیں، حملے غزہ شہر کی رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنا کر کیے گئے۔
فلسطینی سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل کے مطابق علی الصبح ہونے والے حملوں میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ الشاطی پناہ گزین کیمپ میں بھی ایک فلسطینی شہید ہوا۔
عرب میڈیا کے مطابق متاثرہ مقام پر شدید آگ بھڑک اٹھی، رہائشی اپارٹمنٹس میں پھنسے بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت کئی افراد کو نکالا گیا، متعدد افراد آگ سے جھلس کر زخمی ہوئے۔
فلسطینی گورنمنٹ میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک اسرائیل 3 ہزار سے زائد جنگ بندی خلاف ورزیاں کی جا چکی ہیں جس کے نتیجےمیں 900 فلسطینی شہید اور 2 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
ادھر لبنان میں بھی اسرائیلی حملوں میں کم از کم 9 افراد شہید ہوئے ہیں۔
بیروت کے قریب اور جنوبی لبنان میں 10 سے زائد گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں ایک ایمبولینس بھی شامل تھی، حملے میں 2 طبی اہلکار بھی جان کی بازی ہار گئے۔