سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کرنے کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔
وزیرِ جامعات و تعلیمی بورڈز اسماعیل راہو کی زیرِ صدارت تمام تعلیمی بورڈز کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ بھر میں میٹرک کے نتائج 10 جولائی تک جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک جاری کر دیے جائیں گے۔
اجلاس میں مختلف ڈویژنوں کے تعلیمی بورڈز نے سالانہ امتحانات سے متعلق بریفنگ دی، بتایا گیا کہ کراچی میں امتحانات کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج 31 اگست تک جاری کر دیے جائیں گے۔
اس موقع پر اسماعیل راہو نے ہدایت کی کہ تمام نتائج مقررہ وقت پر جاری کیے جائیں تاکہ طلبہ کو داخلوں کے مراحل میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیرِ جامعات و تعلیمی بورڈز نے کہا کہ تعلیمی بورڈز میں شفافیت، میرٹ اور امتحانی نظام کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔