• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: بیوی کا جہیز میں ملی گاڑی بیچنے پر شوہر پر مقدمہ، عدالت سے ضمانت مل گئی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

بیوی نے اختلافات پر جہیز میں ملنے والی گاڑی فروخت کرنے پر شوہر پر امانت میں خیانت اور فراڈ کا مقدمہ درج کرا دیا تاہم لاہور ہائی کورٹ نے شوہر کی ضمانت منظور کر لی۔

لاہور ہائی کورٹ نے 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض شوہر کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔

جسٹس طارق محمود باجوہ نے شہری کی عبوری ضمانت منظور کر کے فیصلہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ بیوی نے شوہر کے پاس بطور امانت رکھوائی گئی گاڑی فروخت کرنے پر مقدمہ درج کرایا، ریکارڈ کے مطابق گاڑی بیوی کے نام تھی اور شوہر محض استعمال کر رہا تھا۔

عدالت کا کہنا ہے کہ درخواست گزار کے مطابق بیوی نے خاندانی تنازع پر مقدمہ درج کرایا، بیوی نے جہیز کے سامان کا دعویٰ بھی فیملی کورٹ میں دائر کر رکھا ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شکایت کنندہ نے خود فیملی کورٹ میں گاڑی کو جہیز کا سامان قرار دیا تھا، بیوی نے ایف آئی آر میں زیرِ التواء فیملی مقدمے کا ذکر نہیں کیا، ریکارڈ کے مطابق گاڑی اب بھی بیوی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ مقدمہ میاں بیوی کے خراب تعلقات کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، ملزم تفتیش میں شامل ہو چکا ہے اور ریکارڈ پر کسی بد نیتی کا ثبوت نہیں۔

قومی خبریں سے مزید