کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)سرانان میں مسلح افراد نے سڑک کی تعمیر کا کام کرنے والے 5مزدور وں کو گولی مار دی جبکہ فائرنگ سے ایک زخمی ہوگیا۔ آواران میں باپ بیٹے اور سوراب میں ایک اور شخص کو گولی مار دی گئی ۔ سیکورٹی فورسز نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا،تعمیراتی مشینری کا بھی نشانہ بنایا گیا،واردات کے بعد ملزمان فرار،وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور وزیر داخلہ ضیا لانگو نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد سمجھ لیں کہ معصوم پاکستانیوں کی شہادت ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی ۔ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی سفاک ذہنیت کا واضح ثبوت ہے۔ ایسے لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں ٗ۔ پولیس کے مطابق سرانان کے علاقے سلیمان زئی میں روڈ کی تعمیرکرنے والے مزدوروں پر کام کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 5مزدور جاں بحق جبکہ ایک شدیدزخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور سیکورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر لاشوں اورزخمی کو ہسپتال منتقل کردیا جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے تعمیراتی مشینری کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا۔