وفاقی حکومت نے چھوٹے دکانداروں کیلئے فکس ٹیکس اسکیم لانے کا اعلان کردیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت چھوٹے دکانداروں کیلئے فکس ٹیکس اسکیم لارہی ہے، مشاورت اور انجمن تنظیم تاجران کے مطالبے پر یہ اسکیم لارہی ہے، اس آسان اسکیم کا اطلاق ان دکانداروں پر ہوگا جن کی فروخت سال کی 20 کروڑ یا اس سے کم ہے، ایک فیصد اس میں فکس ٹیکس ہوگا، ود ہولڈنگ ٹیکس اگر پہلے سے کٹا ہوا ہے تو وہ اس میں ایڈجسٹ ہوگا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ کم سے کم بھی دکاندار کو 25 ہزار روپے جمع کروانا ہوگا، اگر دکاندار کے ٹرن اوور کی مقدار زیادہ ہوگی تو اس حساب سے ایک فیصد ٹیکس ہوگا، یہ ایک صفحے کا فارم ہے جس پر دکاندار اپنے مال کی فروخت درج کریں گے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ جو بھی دکاندار اس اسکیم میں شامل ہونا چاہتا ہے وہ فارم بھرے، جو دکاندار اس اسکیم میں آئے گا اسے ایف بی آر کی طرف سے ایک پلیٹ ملے گی، اس پلیٹ پر دکاندار کا نام، دکان کا نام اور دیگر تفصیلات ہوں گی، اس اسکیم میں نان فائلر اور فائلر دکاندار بھی شامل ہوسکتے ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ اس اسکیم سے مستفید ہونے کیلئے ٹیکس کی ادائیگی کم از کم پچھلے سال جتنی ہونی چاہیے، جو بھی دکاندار اس اسکیم میں آئیں گے انہیں پی او ایس سے استثنیٰ مل جائے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی استحکام کا قائم رہنا بہت ضروری ہے، اپنے ملک کی آمدنی کو ایک خاص شرح پر لے کر جانا بہت اہم ہے، ٹیکس اصلاحات بے تحاشہ ہوئی ہیں، سب کہتے ہیں اس وقت ٹیکس کی شرح بڑھانے کے بجائے کم کرنے کی ضرورت ہے، ہم جو قدم اٹھانے جارہے ہیں وہ چھوٹے دکانداروں کیلئے ہے، 30 سے 40 لاکھ چھوٹے دکاندار اس زمرے میں آتے ہیں، سب چاہتے ہیں کہ ملکی وسائل میں اپنا حصہ ملائیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ چھوٹے دکانداروں کی مشاورت اور مطالبے کے ساتھ اسکیم لائی جا رہی ہے، ٹیکس دہندگان ٹیکس میں آسانی چاہتے ہیں، جو طبقات اب تک کنٹریبیوشن نہیں کررہے تھے وہ اب خود کو پیش کررہے ہیں تو ہم ان کے شکر گزار ہیں۔