اسلام آباد: ریاستہائے متحدہ امریکا کی آزادی کو ڈھائی سو سال مکمل ہونے کےحوالے سے جشن کے موقع پر فریڈم 250 کے عنوان سے پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے ہفتے کی رات ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر امریکی جمہوریت کے ڈھائی صدیوں کے سفر کی تکمیل اور پاکستان اور ریاستہائے متحدہ امریکا کے مابین دیرینہ شراکت داری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
یہ تقریب فریڈم 250 کے عنوان سے سال بھر جاری امریکی یومِ آزادی کے جشن کا حصہ اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور کثیرالجہتی تعلقات کی واضح عکاسی کرتی تھی۔
پاکستان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمان فریڈم ٹو ففٹی کے جشن میں شریک ہوئے، جن میں سرکاری حکام ، کاروباری شخصیات ، سول سوسائٹی کے نمائندے، تعلیمی ماہرین اور ثقافتی شخصیات شامل تھیں۔
سفارتخانے میں ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں مہمانوں کی شرکت نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی وسعت اور جوش و خروش کی اہمیت کو اجاگر کیا، جو ایک ایسی شراکت داری ہے جس کی جڑیں مشترکہ مفادات، باہمی احترام اور دونوں مُلکوں کے عوام کے لیے زیادہ محفوظ اور خوشحال مستقبل کے قیام کے عزم میں پیوست ہیں۔
تقریب سے اپنے کلیدی خطاب میں مشن پاکستان کی امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے فریڈم 250 کی کی شاندار اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آزادی کے ڈھائی سو برس کی تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریب نہ صرف امریکی تاریخ کے ایک اہم سنگِ میل کا، بلکہ آزادی، جمہوریت اور اشتراک کی اُن مشترکہ اقدار کا جشن بھی ہے جو پاکستان اور امریکا کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں۔
انہوں نے امریکا کے قیام کے تصورات کو اُجاگر کیا کہ کیسے وہ آج تک دُنیا بھر میں لوگوں اور اقوام کے لیے باعثِ ترغیب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم امریکا کے ڈھائی سو سالہ جشن آزادی کے ساتھ پاکستان اور امریکا کے عوام کے درمیان دوستی کے80 سال کی خوشی بھی منا رہے ہیں اور ہم مستقبل میں مِل جُل کر بہت کچھ بنانے جا رہے ہیں۔ ہماری بہترین کامیابیاں ہمارا ماضی نہیں بلکہ وہ منزل ہے جہاں ہم ساتھ چلیں گے۔
تقریب میں امریکی میرین کور کے کلر گارڈ کی جانب سے پرچم پیش کیے گئے جبکہ پاکستان اور امریکا کے قومی ترانے بھی بجائے کیے گئے۔ بعد ازاں امریکی فضائیہ کی سینٹرل کمانڈ کے بینڈ نے موسیقی کے سُر بکھیرے۔
اس پروقار تقریب کا اختتام شاندار آتش بازی سے ہوا جس نے اسلام آباد کی فضاؤں کو روشن کر دیا۔ یہ خوبصورت منظر امریکا کی دو سو پچاسویں سالگرہ کے موقع پر خراجِ تحسین کے ساتھ ساتھ پاکستان اور امریکا کی جانب سے باہمی طور پر تعمیر کیے جانے والے روشن مستقبل کی علامت بھی تھا۔
واضح رہے کہ فریڈم 250 ریاستہائے متحدہ امریکا کے اعلانِ آزادی پر دستخط کے دو سو پچاس سال مکمل ہونے کی یاد میں دنیا بھر میں امریکی سفارتی مشنز کے زیر اہتمام منعقد کی جانے والی سال بھر کی تقریبات کا سلسلہ ہے۔
صدر ٹرمپ نے امریکی عظمت کے ایک نئے دور کے عنوان سے مذکورہ قومی جشن کا افتتاح کیا اور بعد ازاں دنیا بھر میں امریکا کے سفارتخانے اور قونصلیٹ اِس جذبے کو مختلف تقریبات کے ذریعے اُجاگر کرنے میں مصروف عمل ہیں۔