• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر پرویز بٹ انتقال کر گئے

پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر پرویز بٹ 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ڈاکٹر پرویز بٹ نے پاکستان کی سائنس، ٹیکنالوجی اور دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے چار دہائیوں سے زائد عرصہ خدمات انجام دیں، وہ مئی 1963 میں پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن میں شامل ہوئے اور 43 سال سے زائد مدت تک ادارے سے وابستہ رہے۔

وہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سابق چیئرمین اور پاکستان کے اسٹریٹجک و ایٹمی پروگرام کے بانی اراکین میں شامل تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی کے چار دہائیوں سے زائد عرصے کو پاکستان میں ایٹمی سائنس، جدید ٹیکنالوجی اور قومی دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے وقف کیے رکھا۔

ڈاکٹر پرویز بٹ نے نیوکلیئر انجینئرنگ، دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور صحت، زراعت، صنعت، تحقیق اور تعلیم کے شعبوں میں نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پُرامن استعمال کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

 ڈاکٹر پرویز بٹ کو 2001 میں پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔ بعد ازاں وہ 2006 سے 2008 تک وفاقی سیکریٹری سائنس و ٹیکنالوجی رہے، جبکہ 2013 تک پلاننگ کمیشن میں بطور مشیر برائے نیوکلیئر انرجی خدمات انجام دیتے رہے۔

ان کی قومی خدمات کے اعتراف میں انہیں 1992 میں ستارہِ امتیاز، 1999 میں ہلالِ امتیاز اور 2015 میں نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔ 

ڈاکٹر پرویز بٹ کی قیادت میں پاکستان کے سائنس و ٹیکنالوجی پروگرام کو نئی جہت ملی، جبکہ قومی اور سائنسی میدان میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید