کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں پی ایچ ایف کے زیر اہتمام کھیلےگئے نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کے دوران ہاکی اسٹیڈیم کی آسٹروٹرف پر موٹر سائیکل چلانے کے مظاہرے اور وہاں ڈاگ شو کے انعقاد کا صوبائی وزیر کھیل اور پش اپس کے ماہر صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے سخت نوٹس لے لیا ہے اور اس سلسلے میں حکام سے رپورٹ طلب کی ہے، ہاکی کے حلقوں نے نے بھی آسٹروٹرف کو غیر ضروری کام کےلئے استعمال پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے اور بین الصوبائی رابطے کی وزارت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، پی ایچ ایف انتظامیہ جس کی توجہ کھیل سے زیادہ اپنے لوگوں کو نوازنے پر لگی ہوئی ہے اب اس کی لاپرواہی سے ہاکی اسٹیڈیم میں پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے لگائی گئی آسٹرو ٹرف کو بھی برباد کیا جارہا ہے۔ نائن اے سائیڈ ہاکی ٹور نامنٹ کے دوران ہاکی اسٹیڈیم کو تماشاگاہ بنا دیاگیا۔ اسٹیڈیم میں ڈاگ شوکا انعقاد کیاگیا۔ جہاں کتوں کے بھوکنے کی آوازیں بھی سنائی دیں،کروڑوں روپے کی لاگت سے لگائی گئی آسٹروٹرف پر موٹر سائیکلیں دوڑائی گئیں۔ یہ آسٹرو ٹرف سندھ کے مرحوم وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ کی کوششوں سے لگائی گئی ہے ۔