بھارتی شہر حیدرآباد کے علاقے کوکٹ پلی میں ایک خاتون پولیس افسر نے معروف کلب میں جاری مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں اور قوانین کی خلاف ورزیوں کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون افسر اپنی شناخت چھپا کر متعدد بار کلب میں گئیں اور اندر کی معلومات جمع کرنے میں کامیاب ہوئیں جنہیں بعد ازاں بطور ثبوت کلب کے خلاف استعمال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر پولیس کوکٹ پلی، ریتی راج نے خاتون پولیس افسر کی جانب سے کی گئی خفیہ جانچ کے بعد ’کنگز اینڈ کوئینز پب‘ المعروف کلب مستی‘ پر چھاپہ مارا، پولیس کے مطابق پب میں مبینہ طور پر جسم فروشی، گاہکوں کو راغب کرنے کے لیے خواتین کا استعمال اور غیر قانونی سرگرمیاں جاری تھیں۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ پب مقررہ اوقات سے زیادہ دیر تک کھلا رہتا تھا، شراب اور کھانا قواعد کے خلاف فراہم کیا جا رہا تھا جبکہ ادارے کے پاس پولیس کا درست این او سی بھی موجود نہیں تھا۔
کارروائی کے دوران 9 ملازمین، جن میں 4 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں، کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق مذکورہ پب کے خلاف 2025ء میں بھی کئی مقدمات درج ہو چکے ہیں تاہم خلاف ورزیاں جاری رہیں۔