لاہور ہائی کورٹ نے ایس ایچ اوز کو کچرا پھینکنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور ڈپٹی کمشنر کو ڈمپنگ سائٹ نہ ہونے کے بورڈز لگانے کا حکم دے دیا۔
لاہور کی عدالت عالیہ میں اسموگ تدارک کیس کی سماعت ہوئی جس میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ٹھیکیدار کی جانب سے غیر قانونی ڈمپنگ سائٹ پر کوڑا پھینکنے پر اظہار برہمی کیا گیا۔
عدالت نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کوڑا جلانے پر ڈی جی ریسکیو سے رپورٹ طلب کر لی۔
سماعت کے دوران جسٹس شاہد کریم نے پنجاب حکومت کے وکیل کو حکم دیا کہ تھانے والوں کو کہیں ٹھیکیدار کو بلا کر خبردار کریں کہ آئندہ ایسا ہوا تو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹھیکیدار کے خلاف پہلے بھی ایف آئی آرز تھیں۔
جس کے بعد عدالت نے ایس ایچ اوز کو کچرا پھینکنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔