پیپلز پارٹی کی رہنما ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور حسن مرتضیٰ نے وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کر دیا۔
نفیسہ شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی پر تنقید کی بجائے پنجاب میں اپنی کارکردگی پر غور کرے۔
اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کو رائے شماری کا حق دیا ہے، سندھ کے عوام گزشتہ کئی برس سے اپنا اعتماد پیپلز پارٹی پر رکھے ہوئے ہیں، عوام کو معلوم ہے کہ حقوق کی حفاظت صرف پیپلز پارٹی نے کی ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ آج جموں و کشمیر میں بھی جیت عوام کی ہو گی۔
نفیسہ شاہ کے علاوہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری حسن مرتضیٰ نے بھی عظمی بخاری کے بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عظمیٰ بخاری کے بیانات عوامی مسائل سے فرار کی ناکام کوشش ہیں، سندھ پر تنقید سے پہلے پنجاب کی مہنگائی، بے روزگاری اور بد انتظامی کا جواب دیا جائے۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست صرف پریس کانفرنسوں تک محدود ہو چکی ہے، پنجاب حکومت اشتہارات میں کامیاب، عوامی خدمت میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عظمیٰ بخاری سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے اپنی حکومت کی کارکردگی کا حساب دیں۔