• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی: بحران کے حل کی جانب پیش رفت، ہڑتال ختم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع کی مصالحت اور کوششوں کے باعث انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے گزشتہ 41 روز سے جاری احتجاج اور امتحانات کا بائیکاٹ ختم کردیا ہے۔ 

منگل کو چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق رفیع کی ہدایت پر ایچ ای سی میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں جامعہ کراچی میں جاری تدریسی و انتظامی بحران کے حل کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کی صدارت مشترکہ طور پر صوبائی وزیر جامعات و بورڈز اسماعیل راہو اور چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع نے کی۔ اجلاس میں جامعہ کراچی کے اساتذہ، افسران اور ملازمین کی نمائندہ تنظیموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں یونیورسٹی کو درپیش مسائل اور احتجاجی تحریک کے خاتمے کے امکانات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع، سیکریٹری جامعات و بورڈز محمد عباس بلوچ، سندھ ایچ ای سی کی چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سیکریٹری ڈاکٹر نعمان احسن، کراچی یونیورسٹی ٹیچرز سوسائٹی (KUTS) کے صدر سید غفران عالم، ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر زاہد حسین بلوچ اور کراچی یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر فیصل ہاشمی بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں جامعہ کراچی کے ملازمین اور افسران کو درپیش مالی و انتظامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ طویل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ جامعات و بورڈز حکومت سندھ جامعہ کراچی کے ملازمین کے لیے ایکس گریشیا ادائیگی اور ہاؤس رینٹ سیلنگ سے متعلق سازگار سفارشات پر مشتمل سمری حکومت کو ارسال کرے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے انجمن اساتذہ بائیکاٹ ختم کرے گی جس کے فوری بعد ایکس گریشیا ادائیگی اور ہاؤس رینٹ سیلنگ کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو بھجوا دی جائے گی۔

ادھر انجمن اساتذہ کراچی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں بائیکاٹ ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر ڈاکٹر غفران نے بتایا کہ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق رفیع اور وزیر جامعات و بورڈز اسماعیل راہو سے مذاکرات اور عاشورہ محرم قریب ہونے کے باعث احتجاج اور امتحانات کے بائیکاٹ کو مؤخر کیا جاتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید