پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے طویل عرص کے بعد چاروں صوبائی اور علاقائی ایسوسی ایشنز کے ساتھ مشاورت کے بعدصوبائی، علاقائی اور ضلعی فٹ بال کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے ملک گیر منصوبےکا اعلان کردیا ہے۔
پی ایف ایف کے سی ای او شاہد کھوکر اور میڈیا ڈائریکٹر عمید وسیم نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ملکی فٹ بال کی تاریخ کا بدلنے والا یہ روڈ میپ پی ایف ایف، چاروں صوبائی ایسوسی ایشنز، علاقائی ایسوسی ایشنز اور ملک بھر میں فٹ بال کے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے۔
نیا مقامی ڈھانچہ پی ایف ایف، صوبائی اور علاقائی ایسوسی ایشنز کو پیشہ ور جنرل سیکرٹریز کی تعیناتی میں مدد کی فراہمی اور مقامی فٹ بال کو مضبوط اور جدید خطوط پر استوار کرے گا۔
صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے بھی خاص طور پر اس منصوبے میں دلچسپی اور بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے، جس میں ضلعی چیمپئن شپس، یوتھ مقابلوں، بہتر صوبائی و علاقائی نظم و نسق، اور نچلی سطح (گراس روٹس) پر ترقی کے متعدد اقدامات کے ذریعے مقامی فٹ بال کی بحالی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملک گیر منصوبے کی تیار میں صوبائی اور علاقائی فٹ بال ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس میں شرکت کی جن میں محمد اعظم خان، نوید اسلم لودھی، انیق احمد لودھی، جمیل احمد سدپارہ، شیخ احمد ریحان اور امتیاز شامل تھے۔
پی ایف ایف کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ضلعی فٹ بال چیمپئن شپس اور پاکستان کے مستقبل کے فٹ بال کی ترقیاتی نظام کی بنیاد بنے گا۔مضبوط قومی ٹیمیں نچلی سطح کے مضبوط ڈھانچے پر بنتی ہیں۔ ضلعی فٹ بال، فٹ بال کے اہرام (ڈھانچے) کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم مستقبل کے لیے معیاری کھلاڑی تیار کرنا چاہتے ہیں، تو ہمیں ضلعی سطح پر باقاعدہ اور منظم فٹ بال سرگرمیوں کو یقینی بنانا ہوگا۔ یہ چیمپئن شپس ٹیلنٹ کی شناخت کرنے، مقامی فٹ بال کے نظام کو مضبوط بنانے اور کھلاڑیوں کے لیے نظام میں آگے بڑھنے کے واضح راستے بنانے میں مدد کریں گی۔
پی ایف ایف کے عہدیداروں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت، پی ایف ایف ملک بھر میں ڈسٹرکٹ فٹ بال چیمپئن شپس کا آغاز کرے گا۔ اس سے پاکستان میں آئینی طور پر درست کلبوں کی شناخت اور گھوسٹ(فرضی) کلبوں کے مؤثر خاتمے میں مدد ملے گی۔
ان مقابلوں کے انعقاد کے لیے پی ایف ایف ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ پاکستان فٹ بال ریفریز ایسوسی ایشن (پی ایف آر اے) ضلعی فٹ بال ایسوسی ایشنز کی سہولت کے لیے رجسٹرڈ ریفریز کا ایک اپ ڈیٹڈ ڈیٹا بیس مرتب کرے گی۔