وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر کم سے کم ٹیکس بوجھ ڈالا جائے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں خرم شہزاد، صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ، مرکزی چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ اور صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس سردار طاہر محمود نے شرکت کی۔
مشیر خرم شہزاد نے کہا کہ کم سے کم تنخواہ افراط زر کی شرح کے مطابق ہونی چاہیے، بجٹ میں ٹیکس کا بوجھ تنخواہ دار طبقے پر کم ڈالا جائے گا۔
اس موقع پر اجمل بلوچ نے کہا کہ آدھا پاکستان خریداری کی سکت نہیں رکھتا، 150 صنعتیں بند ہوگئیں، حکومت سے مطالبہ ہے کہ عام آدمی کی قوت خرید میں اضافہ کیا جائے۔
خالد حسین باٹھ نے حکومت سے اپیل کی کہ کسانوں کی چار دیواری کا خیال رکھا جائے، پنجاب پولیس اور پیرا فورس پنجاب کے مختلف شہروں میں کسانوں کے گھروں کی چار دیواری کو پامال کرتے ہوئے گندم اٹھا کر لے گئے، یہاں تک کہ جو گندم خرید کر رکھی تھی وہ بھی چھین کر لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ڈی ریگولیٹ ہوگئے ہیں اور گندم پرائیویٹ کمپنیوں کو فروخت کررہے ہیں تو ہمارے گھروں پر چھاپے کیوں مارے جارہے ہیں؟