• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیڈ کوچ سرفراز احمد کو کلین چٹ مل گئی جب کہ کپتان شان مسعود کا مستقبل اب تک غیر یقینی صورتِ حال سے دو چار ہے۔

ذرائع کے مطابق سرفراز احمد ہی ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے، یہ دونوں دورے ان کے مستقبل کے حوالے سے بہت اہمیت کے حامل ہوں گے۔

یاد رہے کہ انہیں قومی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے دورۂ بنگلا دیش کے 2 ٹیسٹ میچز کی ذمے داریاں دی گئی تھیں، جو میرپور اور سلہٹ میں کھیلے گئے تھے اور قومی ٹیم کو دونوں ہی ٹیسٹ میچز میں شکست کا کڑوا گھونٹ پینا پڑا تھا۔

جس کے بعد یہ قیاس آرئیاں ہونا شروع ہو گئی تھیں کہ سرفراز احمد کی بطور ٹیسٹ ٹیم ہیڈ کوچ چھٹی ہونے جا رہی ہے اور ان کی جگہ اب سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان ذمے داریاں سنبھالیں گے۔

دوسری طرف ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کی قومی ٹیم میں جگہ تو پکی ہے لیکن ان کی کپتانی کے حوالے سے ابہام موجود ہیں، چند روز قبل شان مسعود کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات بھی ہو چکی ہے۔

حالانکہ شان مسعود کی کپتانی میں قومی ٹیم 16 میں سے 12 ٹیسٹ ہار چکی ہے، مگر بطور کپتان ان کی کارکردگی خاصی معیاری نظر آ رہی، کیونکہ 16 ٹیسٹ میچز کے دوران انہوں نے 2 سینچریوں اور 10 نصف سینچریوں کے ساتھ 1065 رنز بنائے۔

شان مسعود کے متبادل کے طور پر آل راؤنڈر اور ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے مضبوط امیداوار ہیں مگر انہوں نے اب تک انگلینڈ میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا ہے۔

سلمان علی آغا کے بر عکس شان مسعود نے 2016ء اور 2020ء میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے انگلینڈ میں 5 ٹیسٹ کھیلے ہیں، اگرچہ سلمان علی آغا کو سلیکشن کمیٹی کے اہم اراکین کی حمایت حاصل ہے، لیکن انگلینڈ کے مشکل دورے پر جہاں ہمیشہ قومی ٹیم کے لیے مسائل رہے ہیں، شان مسعود کی کپتانی کے بغیر میدان میں اترنا پی سی بی کے لیے ایک چیلنج ہوگا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید