سپریم کورٹ میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ضلعی عدلیہ کے عملے کی تنزلی کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔
جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
اسٹاف افسر نے کہا کہ اسسٹنٹ پر الزام ہے انہوں نے اپنے بھائی کو بھرتی کرانے کے لیے بے ضابطگی کی، حسان چغتائی نے اسسٹنٹ کے بھائی کی جگہ ٹائپنگ ٹیسٹ دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ میں حسان چغتائی نے اعتراف کیا اور معافی بھی مانگی، ٹیسٹ میں ایڈیشنل سیشن جج نے ایک امیدوار کی غیر معمولی ٹائپنگ اسپیڈ نوٹس کی، ایڈیشنل سیشن جج نے جب دوبارہ اپنی موجودگی میں ٹیسٹ لیا تو ٹائپنگ اسپیڈ کم نکلی۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس میں کہا کہ وہ ڈر گیا ہو گا، جج بھی تو فرعون ہوتے ہیں۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ شکر کریں کہ آپ سروس میں ہیں، ہم ہوتے تو آپ گھر جاتے۔
عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو وکیل کرنے کی ہدایت کر دی۔