نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 10 تا 15 جون بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث مقامی سطح پر اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث ندی نالوں اور برساتی آبی گزرگاہوں میں اچانک طغیانی کا امکان ہے، چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ میں مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے جبکہ گلگت بلتستان کے گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت کے علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سیاح اور مسافر شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں کے غیرضروری سفر سے گریز کریں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو ہنگامی ٹیمیں اور ڈی واٹرنگ مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی۔
12 تا 15 جون گلگت بلتستان اور ملحقہ کوہستانی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کا الرٹ بھی جاری ہے۔ الرٹ کے مطابق قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ اسکردو روڈ کے مختلف مقامات پر عارضی بندش اور سفری مشکلات کا خدشہ ہے، عطا آباد ٹنل، شِمشال، خپلو اور مشرقی بلتستان کے علاقوں میں پہاڑی ڈھلوانوں سے لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری رسپانس کےلیے الرٹ رہنے اور ضروری مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔