کراچی کے عباسی شہید اسپتال میں بچوں کے وارڈ سے آکسیجن لائنوں کے پائپ اور دیگر سامان چوری ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چوری کے دوران وارڈ میں نصب نگرانی کے کیمروں کا رخ دوسری جانب موڑ دیا گیا تھا، جس کے باعث واقعے کی نگرانی متاثر ہوئی، کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس چوری میں اسپتال کے بعض ملازمین کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق آکسیجن پائپ لائن کو نقصان پہنچنے یا کٹنے کی صورت میں اسپتال کے آکسیجن سپلائی نظام اور دیگر متعلقہ لائنوں کے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے، جو مریضوں خصوصاً بچوں کے لیے سنگین مسئلہ بن سکتا ہے۔
دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ چوری کا واقعہ معمولی نوعیت کا ہے، تاہم معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔