وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اپنا گھر اسکیم میں شہریوں کی بڑی تعداد کا حصہ لینا انتہائی خوش آئند ہے، اسی رفتار سے آگے بڑھے تو اپنے گھر کے زیادہ سے زیادہ خواہشمند افراد کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔
شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم کے بارے میں جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس اسکیم کی کامیابی سے تعمیرات کے شعبے میں تیزی آئے گی، تعمیرات کے شعبے سے منسلک صنعتوں کو فروغ ملے گا اور معاشی ترقی کی رفتار بڑھے گی۔
وزیراعظم نے شہریوں کیلئے اپنا گھر اسکیم کے عمل میں مزید سہولیات فراہم کرنے اور وزارت ہاؤسنگ کو اسٹیٹ بینک کیساتھ مل کر اپنا گھر اسکیم کے درخواست فارم آسان بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے بینکوں کو اپنا گھر اسکیم کی درست درخواستوں کی منظوری کا عمل تیز کرنے اور اس اسکیم کے حوالے سے پورے ملک میں آگاہی مہم تیز کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ صوبے ضلعی سطح پر اپنا گھر اسکیم کیلئے سہولت ڈیسک قائم کریں۔
اجلاس میں وزیراعظم کو اپنا گھر اسکیم کی اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم کی مد میں اب تک 11 ارب روپے کے قرضے دیے جا چکے ہیں، ملک بھر سے 67 ہزار 900 افراد نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 16 ہزار 587 درخواستیں منظور کی جاچکی ہیں، 3 ہزار 146 افراد کو قرضوں کی ادائیگی ہوچکی، اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو اپنا گھر اسکیم کے درخواست فارمز 15 دن کے اندر پراسیس کرنے کا پابند بنایا ہے۔
بریفنگ کے مطابق اپنا گھر اسکیم کی پیشرفت کی نگرانی کیلئے خصوصی ڈیجیٹل پورٹل لانچ کیا جا چکا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احد چیمہ، ریاض حسین پیرزادہ، شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک، پاکستانی بینکوں کے صدور/سی ای اوز، صوبائی چیف سیکرٹریز اور متعلقہ حکام اجلاس شریک ہوئے۔