• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ 2026: میسی، رونالڈو اور فٹبال کی عالمی طاقتیں تاریخ رقم کرنے کے قریب، کئی ریکارڈز داؤ پر

فیفا ورلڈکپ 2026 میں استعمال ہونے والی گیند - فوٹو: سوشل میڈیا
فیفا ورلڈکپ 2026 میں استعمال ہونے والی گیند - فوٹو: سوشل میڈیا

امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں جہاں دنیا کی 48 بہترین ٹیمیں عالمی اعزاز کے لیے مد مقابل ہوں گی، وہیں ٹورنامنٹ کے دوران فٹبال تاریخ کے کئی بڑے ریکارڈز بھی ٹوٹ سکتے ہیں۔

شائقین کی سب سے زیادہ توجہ ارجنٹائن کے لیونل میسی اور پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو پر مرکوز ہوگی، جو اپنے کیریئر کا چھٹا ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں۔ اگر دونوں میدان میں اترتے ہیں تو وہ تاریخ میں پہلی مرتبہ چھ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔

لیونل میسی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 26 میچز کھیلنے، 2314 منٹس میدان میں گزارنے اور بطور کپتان سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں، جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو ایک اور منفرد ریکارڈ کے قریب ہیں۔ اگر وہ ٹورنامنٹ میں گول کرنے میں کامیاب رہے تو چھ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں کم از کم ایک گول کرنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن جائیں گے۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 16 گولز کا ریکارڈ جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے پاس ہے، تاہم میسی اور فرانس کے کالیان ایمباپے اس ریکارڈ کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں۔ میسی اب تک 13 جبکہ ایمباپے 12 ورلڈ کپ گولز کر چکے ہیں۔

فرانس کے اسٹار فارورڈ کالیان ایمباپے ایک اور تاریخی کارنامہ انجام دے سکتے ہیں۔ اگر فرانس مسلسل تیسری مرتبہ فائنل میں پہنچتا ہے اور ایمباپے اس میچ میں گول کرتے ہیں تو وہ تین مختلف ورلڈکپ فائنلز میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔

ٹیموں کی بات کی جائے تو دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کے پاس تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع موجود ہے۔ اگر ارجنٹائن اپنا ٹائٹل برقرار رکھنے میں کامیاب رہا تو وہ اٹلی اور برازیل کے بعد مسلسل دو ورلڈ کپ جیتنے والی تیسری ٹیم بن جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی 1962 کے بعد پہلی مرتبہ کوئی ٹیم اپنے عالمی ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرے گی۔

برازیل بھی کئی ریکارڈز اپنے نام مزید مضبوط کر سکتا ہے۔ پانچ مرتبہ کا عالمی چیمپئن اگر ٹرافی جیت لیتا ہے تو اس کے ورلڈ کپ ٹائٹلز کی تعداد چھ ہو جائے گی، جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ برازیل کا 23واں ورلڈکپ ہوگا جو خود ایک ریکارڈ ہے۔

فرانس مسلسل تیسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنل کھیلنے والی تاریخ کی صرف تیسری ٹیم بن سکتا ہے جبکہ انگلینڈ اور یوروگوئے طویل انتظار کے بعد عالمی اعزاز حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انگلینڈ کی کامیابی 60 سال اور یوروگوئے کی فتح 76 سال بعد ورلڈ کپ ٹائٹل کی واپسی ہوگی۔

جرمنی بھی متعدد ریکارڈز کی دوڑ میں شامل ہے۔ اگر جرمن ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہے تو یہ اس کی نویں ورلڈ کپ فائنل شرکت ہوگی، جو ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 1998 میں فرانس کے بعد کوئی میزبان ملک ورلڈ کپ نہیں جیت سکا۔ اس مرتبہ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر یہ کارنامہ انجام دینے کا موقع حاصل ہوگا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید