ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل متین توکل نے جمعرات کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ترک کمانڈر کو پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، ملاقات میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک ترک تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کو اجاگر کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک ترک افواج کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا۔
بعدازاں ترک بری افواج کے کمانڈر نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر پیشہ ورانہ امور اور علاقائی بحری سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
ترک بری فوج کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو سے بھی ملاقات کی، جس میں عسکری تعاون اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔
ترک کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن کے لیے پاک فوج کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک کمانڈر نے دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔