وفاقی بجٹ 27-2026 میں وفاقی وزارتِ مواصلات اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے لیے مجموعی طور پر 148 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد مختص کرنے کی تجاویز ہیں۔
وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026 کے سالانہ بجٹ میں ملک بھر میں مواصلاتی نیٹ ورک کی توسیع اور شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کے لیے وزارتِ مواصلات اور اس کے ماتحت اداروں کے لئے مجموعی طور پر 148 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے کی خطیر بجٹ مختص کرنے کی تجاویز پیش کر دیں۔
اس فنڈز میں غیر ترقیاتی جاری اخراجات اور وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت رکھے گئے ترقیاتی فنڈز شامل ہیں۔
بجٹ دستاویز کے مطابق وزارتِ مواصلات کے روزمرہ کے امور، ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور دفتری نظام کو چلانے کے لیے جاری (غیر ترقیاتی) اخراجات کی مد میں 43 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں شاہراہوں، موٹر ویز اور سی پیک کے مغربی روٹ کی تعمیر و توسیع کے لیے غیر ملکی امداد سمیت وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 105 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
دستاویز کے مطابق ان ترقیاتی فنڈز کا بڑا حصہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے تحت جاری اور نئے مواصلاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا تاکہ صنعتی اور پسماندہ علاقوں کو موٹرویز اور ہائی ویز کے ذریعے بڑی مارکیٹوں سے جوڑا جا سکے۔
اس کے علاوہ وزارت کے ماتحت دیگر ذیلی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن اور آپریشنل صلاحیت کو بڑھانے کے لیے بھی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔