پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن قومی اسمبلی مہیش کمار مالانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو پی پی کی حمایت حاصل ہے، جب تک تعاون برقرار رہے گا حکومت آئینی مدت پوری کرسکے گی۔
قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ 27-2026ء پر بحث میں مہیش کمار مالانی نے کہا کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کو برقرار رکھنا پیپلز پارٹی کی ایک بڑی کامیابی ہے اور صوبوں کے مالی حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیابی پر پیپلز پارٹی کی قیادت کو مبارکباد بھی پیش کی اور ملک میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسی پر تشویش کا اظہار کیا۔
مہیش کمار مالانی نے مزید کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف پر انحصار کم کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کو فروغ دینا ہوگا تاکہ سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
انہوں نے سندھ کو پانی کی فراہمی کے مسئلہ پر توجہ دلائی اور کہا کہ ارسا کی جانب سے پانی کی تقسیم میں سندھ کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے، تھرپارکر سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں لوگ آج بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، جس کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
پی پی رکن قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ بجٹ میں تنخواہوں میں مزید اضافہ کرنا چاہیے تھا۔