• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ کس ارسطو نے کہا کہ 280 روپے روزانہ کمانے والا غریب نہیں؟ علامہ راجہ ناصر عباس

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس—فائل فوٹو
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس—فائل فوٹو

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ کہا گیا ہے 8 ہزار 432 روپے ماہانہ آمدن والا شخص غریب نہیں، یہ کس ارسطو نے کہا کہ 280 روپے روزانہ کمانے والا غریب نہیں؟

سینیٹ کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اس حساب سے بھی 7 کروڑ عوام غریب ہیں، اس سال 2 کروڑ عوام غربت کی لکیر سے نیچے آ گئے۔

علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ موجودہ بجٹ کیا عوام کے سیاسی استقلال کی حفاظت کرتا ہے؟ کیا یہ بجٹ اغیار، کفار کے معاشی غلبے سے نکال سکتا ہے یا ان کی دلدل میں پھینک رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ کیا یہ بجٹ معاشی آزادی لے کر آیا ہے؟ یہ بجٹ ہمیں مزید غلام بنا رہا ہے، بجٹ نے پاکستان کے عوام کو سامنے نہیں رکھا، عوام غیر متعلقہ ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف پانچواں بجٹ دے رہے ہیں، ہر سال قرض میں اضافہ ہوا ہے، جب سے انہوں نے حکومت سنبھالی ہے اس سے 100 گنا قرض زیادہ بڑھ گیا، اگر آپ کا گھر چلانے والا قرض بڑھتا جائے تو کیا گھر کا سربراہ اہل ہے؟ آپ پھر کہتے ہیں کہ گھر میں تبدیلی لے کر آؤ۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قرض اتنا بڑھ رہا ہے کہ ملک ناکام ریاست کی طرف جا رہا ہے، اپوزیشن بات کرتی ہے تو آپ کہتے ہیں کہ یہ اداروں اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف ہے، ہم اداروں اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی نے 40 ماہ حکومت کی تو باقی 40 سال کس نے حکومت کی؟ 8 ہزار ارب روپے کا عوام سود ادا کریں گے، یہ ترمیم لا رہے تھے کہ 18 سال کا نوجوان ووٹ نہیں ڈال سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں امیروں کو ریلیف مل رہا ہے، کسی صوبے کے پاس گندم اسٹاک میں نہیں، فوڈ سیکیورٹی کے اسٹریٹجک اثاثے ختم ہو رہے ہیں، موٹر سائیکل میں پیٹرول ڈالنے والے غریب نوجوان سے آپ لیوی لے رہے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ غریب کا پیٹ پھاڑ کر پیسہ لیا جا رہا ہے، وہ کہاں خرچ کیا جا رہا ہے؟ آپ اپنے اخراجات کم نہیں کر رہے، ملک میں تعلیم کے لیے کیا خرچ ہو رہا ہے؟ اگر پاکستان بہترین ہے تو ہمارے حکمرانوں نے باہر سرمایہ کاری کیوں کی ہے؟

قومی خبریں سے مزید