• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیفا انڈر 15 فٹبال فیسٹیول کا افتتاحی میچ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کروانے کی تجویز

فوٹو: امریکی میڈیا
فوٹو: امریکی میڈیا 

امریکی میڈیا کے مطابق عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے ستمبر 2026 میں  ہونے والے انڈر ر 15 فٹبال فیسٹیول کے افتتاحی میچ کیلئے اسرائیل اور فلسطین کی نوجوان ٹیموں کو آمنے سامنے لانے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔

امریکا میں ہونے والے انڈر 15 فٹبال فیسٹیول میں فیفا کے تمام 211 رکن ممالک کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کے ذریعے امن، مکالمے اور باہمی روابط کے فروغ کا پیغام دینا ہے۔

فیفا صدر جیانی انفانٹینو اسرائیل اور فلسطین کے درمیان فٹبال کے ذریعے روابط بہتر بنانے کے خواہاں ہیں، اور اسی تناظر میں افتتاحی میچ کی تجویز سامنے آئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن نے تاحال اس تجویز پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا، جبکہ یہ بھی واضح نہیں کہ اسرائیل اور فلسطین کی ٹیمیں فیسٹیول میں شرکت کریں گی یا نہیں۔

رپورٹس کے مطابق انڈر 15 فیسٹیول میں مختصر دورانیے کے میچز کھیلے جائیں گے اور چھوٹے میدان استعمال کیے جائیں گے۔ رواں سال کے ایڈیشن میں صرف بوائز ٹیمیں شریک ہوں گی، جبکہ 2027 کے ایڈیشن میں گرلز ٹیموں کو بھی شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔

امریکی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ روس کو بھی انڈر 15 فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی جا سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے فیفا کی جانب سے کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید