پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین رانا قاسم نون کا کہنا ہے کہ مہاجرین کی نشستوں کے خاتمے کا مطالبہ کشمیر کاز کے خلاف ہے۔
ایک بیان میں رانا قاسم نون نے کہا کہ حکومت نے کشمیریوں کے 90 فیصد مطالبات سے اتفاق کیا، آئینی معاملات سڑکوں پر حل نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ شر پسند عناصر آزاد کشمیر میں خرابی چاہتے ہیں، جو روش اختیار کی گئی ہے یہ کشمیریوں کے لیے اچھی نہیں۔
قومی اسمبلی میں رانا قاسم نون نے مزید کہا کہ کشمیر کو پاکستان کے سفارتی محاذ پر بنیادی حیثیت حاصل ہے، کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ بھر پور انداز میں لڑ رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دنیا کے سامنے ہیں، عالمی برادری نوٹس لے۔