گوادر(خ ن)عوامی جمہوری چین کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد چن ڈرونگ کی قیادت میں منگل کو گوادر کے دورے پر پہنچ گیا ۔ وفد نے گوادر پورٹ ایکسپریس وے گوادر فری زون، پاک چائنا فرینڈ شپ پرائمری سکول فقیر کالونی گوادر اور دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر گوارر پورٹ اتھارٹی کے چیئر مین دوستین جمالدینی ایڈیشنل چیف سیکرٹری داؤد بڑیچ نے وفد کو بریفنگ دی۔ بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل اور گوادر پورٹ کے فعال ہونے سے پاکستان سمیت خطے میں مثبت اقتصادی تبدیلی رونما ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے اشتراک سے گوادر میں بہت جلد میگا منصوبوں پر عملدرآمد شروع ہوگا جن میں ایکسپریس وے کی تعمیر سمیت گوادر انٹر نیشنل ائر پورٹ کی تعمیر پر بھی کام رواں سال شروع کردیا جائے گا۔ جو اپنی نوعیت کا جدید ترین ائرپورٹ ہوگا۔ پاک چین تعلقات سے گوادر سمیت پاکستان میں معاشی، معاشرتی اور اقتصادی انقلاب برپا ہوگا۔ پاک چین دوستی ہمالیہ سے اونچی سمندر سے گہری ا ور شہد سے میٹھی ہے دونوں برادر ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیکر خطے میں اعلیٰ مثال قائم کی ہے جسے پاکستانی عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔