انکم ٹیکس ریٹرنز صرف الیکٹرانک ذرائع سے جمع کروانے کی تجویز منظور کرلی گئی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران ایف بی آر حکام نے بتایا کہ انکم ٹیکس ریٹرن صرف آئرس کے ذریعے الیکٹرانک طور پر جمع کروانا لازمی ہوگا۔
حکام کا کہنا تھا کہ کمپنیوں کے مالیاتی گوشوارے بھی مشین ریڈایبل فارمیٹ میں جمع ہوں گے۔ ہم 2013 سے مینوئل ریٹرنز جمع نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ سمیت چند شہروں سے اب بھی ریٹرنز مینوئلی جمع ہو رہے تھے۔ اب مکمل طور پر ریٹرنز الیکٹرانک جمع کرانے کی تجویز شامل کی ہے۔
کمیٹی نے الگورتھمک سیٹلمنٹ میکانزم قبول کرنے والوں کو ریوائزڈ ریٹرن کی سہولت کی تجویز منظور کرلی۔
ایف بی آر حکام نے بتایا کہ الگورتھمک سیٹلمنٹ کے تحت ریٹرن پر کمشنر کی پیشگی منظوری درکار نہیں ہوگی۔ الگورتھمک سیٹلمنٹ اختیار کرنے والے ٹیکس دہندگان پر الگ جرمانہ اور سرچارج لاگو نہیں ہوگا۔