فیفا ورلڈ کپ 2026 میں آئیوری کوسٹ کو جرمنی کے خلاف اہم میچ سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا، اسٹرائیکر ایلی واہی کو کینیڈا میں داخلے کی اجازت نہ مل سکی اور وہ جرمنی کے خلاف میچ میں شرکت سے محروم رہیں گے۔
آئیوری کوسٹ فٹبال فیڈریشن نے تصدیق کی ہے کہ ایلی واہی کو کینیڈا میں داخلے کے لیے درکار ویزا منظوری حاصل نہیں ہوسکی، جس کے باعث وہ جرمنی کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
فیڈریشن کے مطابق ایلی واہی امریکا میں ہی قیام کریں گے جبکہ آئیوری کوسٹ کا اسکواڈ میچ کے لیے کینیڈا پہنچ چکا ہے۔
23 سالہ ایلی واہی نے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ایکواڈور کے خلاف آئیوری کوسٹ کی نمائندگی کی تھی۔
واہی گزشتہ ماہ فرانس میں مبینہ اسپاٹ فکسنگ تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار بھی ہوئے تھے، تاہم ان کے خلاف تحقیقات تاحال جاری ہیں۔
ایلی واہی فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران کینیڈا میں داخلے کی اجازت نہ ملنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔
اس سے قبل گھانا کے مڈ فیلڈر تھامس پارٹے کو بھی کینیڈا کا ویزا جاری نہیں کیا گیا تھا۔